لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقررکر دیا گیا ہے۔
سینیئر عسکری ذرائع نے اس تعیناتی کی مصدقہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ 30 ستمبر کو یہ عہدہ سنبھال لیں گے۔ وہ
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے جنھیں چھ اکتوبر2021 کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا، تاہم گذشتہ برس اس دور کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کردی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا تعلق ایک فوجی خاندان سے ہے اور ان کے والد لیفٹیننٹ جنرل (ر) جنرل غلام محمد ملک 90 کی دہائی میں راولپنڈی کور کمانڈر رہ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ وہی دور تھا جب اس وقت کی پرائم منسٹر بینظیر بھٹو کے خلاف ایک ناکام فوجی بغاوت ہوئی تھی جس پر میجر جنرل ظہیر الاسلام عباسی، بریگیڈیئر مستنصر باللہ سمیت متعدد افسران کا فیلڈ جنرل کا فوجی کورٹ مارشل بھی ہوا تھا۔